عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وادیٔ کشمیر کے معروف اور معتبر ادبی و نشریاتی چہرے، نامور براڈ کاسٹر، قلم کار، ادیب، مصنف اور شاعر عبدالاحد فرہاد جموں میں اچانک انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی وادیٔ کشمیر کے ادبی، صحافتی، ثقافتی اور نشریاتی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔عبدالاحد فرہاد ایک ہمہ جہت، سنجیدہ اور باوقار شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے براڈ کاسٹنگ اور ادب کے میدان میں طویل عرصے تک فکری دیانت، تہذیبی شعور اور خلوص کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ ان کی تحریروں میں فکری گہرائی، اسلوب میں شائستگی اور گفتگو میں وقار نمایاں تھا، جس نے انہیں ہم عصروں میں ایک ممتاز مقام عطا کیا۔
مرحوم نے مختلف ادبی و ثقافتی پلیٹ فارمز پر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور اپنی آواز، قلم اور فکر کے ذریعے ادب دوستی اور سماجی شعور کو فروغ دیا۔ وہ نئی نسل کے لکھنے والوں اور شعرا کے لیے رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا ایک مضبوط حوالہ تھے۔مرحوم عبدالاحد فرہاد کی میت جموں سے سرینگر لائی جا رہی ہے، جہاں آج ان کی آخری رسومات صورہ، سرینگر میں ادا کی جائیں گی۔ ان کے انتقال سے ادبی دنیا ایک سنجیدہ، شائستہ اور خلوص سے بھرپور آواز سے محروم ہو گئی ہے۔
وادیٔ کشمیر کا معتبر ادبی و نشریاتی چہرہ خاموش ،نامور براڈ کاسٹر، ادیب و شاعر عبدالاحد فرہاد رحمتِ حق