بارہمولہ میں پاک مقیم ملی ٹینٹ ہینڈلر کی جائیداد قرق

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// بارہمولہ میں پولیس نے سب جج اوڑی کی عدالت کے ذریعے قرقی کے احکامات حاصل کرنے کے بعد پاکستان میں مقیم ملی ٹینٹ ہینڈلر کی لاکھوں روپے مالیت کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں مقیم ملی ٹینٹ ہینڈلر ادریس احمد میر ولد شکر دین میر ساکن سنگ ٹنگ گوہالن اوڑی، ضلع بارہمولہ کی لاکھوں مالیت کی 6 کنال اور 10 مرلہ اراضی سمیت جائیداد قرق کی گئی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ کارروائی سی آر پی سی کی دفعہ 83 کے تحت کی گئی ہے اور اس کا تعلق پولیس تھانہ اوڑی میں ای آئی ایم سی او ایکٹ کے تحت درج ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 91/1998 سے ہے۔ پولیس کی طرف سے کی گئی تفتیش/تحقیقات کے دوران جائیداد کی شناخت مفرور ملی ٹینٹ سے ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال کے پہلے چار مہینوں میں بارہمولہ میں پولیس نے 11 ملی ٹینٹوں کی 46 کنال اراضی قبضے میں لے لی ہے جو اس وقت پاکستان میں مقیم ہیں اور وہیں سے کام کر رہے ہیں۔