عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس نے ائمہ مساجد ، دینی اداروں، مدارس اور مسجد کمیٹی کے ممبران کی پروفائلنگ اور جانچ پڑتال پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے آئینی، جمہوری اور مذہبی آزادیوں پر براہِ راست حملہ قرار دیا ہے۔پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مساجد عبادت گاہیں ہیں اور دینی ادارے، مدارس ، امام و کمیٹی ممبران معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی، اخلاقی اقدار اور سماجی اصلاح کا کردار ادا کرتے ہیں، ایسے افراد کو شک و شبہ کی نظر سے دیکھنا نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔
ترجمان نے زور دیا کہ اس طرح کے اقدامات سے عوام میں بے چینی اور عدم اعتماد پیدا ہوتا ہے اور سماجی تانے بانے کو نقصان پہنچتا ہے۔ نیشنل کانفرنس مطالبہ کرتی ہے کہ اماموں اور مسجد کمیٹی ممبران کی پروفائلنگ جیسے عمل پر فوری طور پر روک لگائی جائے اور مذہبی اداروں کے تقدس کا مکمل احترام کیا جائے۔ پارٹی نے واضح کیا کہ وہ ہر اُس اقدام کی مخالفت کرے گی جو مذہبی آزادی، شہری حقوق اور آئینی اقدار کے منافی ہو۔
ائمہ مساجد، دینی اداروں اور مسجد کمیٹیوں کی پروفائلنگ مداخلت فی الدین: نیشنل کانفرنس