عظمیٰ ویب ڈیسک
مینڈھر// ملک دشمن سرگرمیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے، پونچھ پولیس نے مینڈھر تحصیل میں چار اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) کے گھروں پر چھاپے مارے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ چھاپے محمد نثار عرف “جگر” ولد محمد رفیق ساکن سخی مدان حال بلنوئی، تحصیل مینڈھر، محمود حسین ولد طالب حسین ساکن ڈیری ڈبسی حال کوٹاں، تحصیل مینڈھر، محمد خالد ولد سعید محمد ساکن ڈھرانہ، تحصیل مینڈھر اور عبدالعزیز ولد محمد بشیر ساکن گاؤں بھٹی دھار، تحصیل مینڈھر، ضلع پونچھ کے رہائشی گھروں پر مارے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ افراد پولیس سٹیشن مینڈھر میں درج مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔
پولیس نے یہ کاروائی علی الصبح قابل اعتماد انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی۔ اس دوران شواہد جمع کرنے اور ان ملک دشمن سرگرمیوں کو روکنے کے لیے منصوبہ بندی کے تحت چھاپے مارے گئے، جو علاقے کے امن و امان کے لیے خطرہ بن سکتی تھیں۔
پولیس نے بتایا کہ ان افراد پر ملی ٹینٹوں کو لاجسٹک معاونت، پناہ اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا شبہ ہے۔
آپریشن کی نگرانی کرنے والے سینئر حکام نے ملک دشمن عناصر کے خاتمے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ کاروائی علاقے میں ملی ٹینسی کے نظام کو ختم کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
جموں و کشمیر پولیس پونچھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور ایسی کوئی بھی معلومات فراہم کریں جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مددگار ثابت ہو سکے۔