سوپور// شمالی کشمیر کے سب ضلع سوپور میں دو دنوں کو محیط ملی ٹنسی مخالف آپریشن اختتام پذیر ہونے کے بیچ جموں و کشمیر پولیس نے اس آپریشن سے متعلق حساس معلومات شیئر کرنے کے خلاف سخت ایڈوائزری جاری کی ہے۔
بتادیں کہ ملی ٹنٹوں کی کمیں گاہ کے متعلق اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے اتوار کی شام سوپور کے گجر پتی زالورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں ایک فوجی جوان زخمی ہوگیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں پیر کے روز بھی آپریشن جاری رہا تاہم طرفین کے درمیان کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر وی کے بردی نے منگل کے روز بتایا کہ یہ آپریشن اختتام پذیر ہوا ہے۔
دریں اثنا پولیس نے منگل کے روز لوگوں کو اس آپریشن کے بارے میں حساس تفصیلات کو غیر ذمہ دارانہ طریقے سے شیئر کرنے سے خبردار کیا۔
سوپور پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘یہ اطلاع ملی ہے کہ کچھ لوگ اس طرح کی سرگرمی کے اثرات پر غور کیے بغیر گجر پتی/زالورہ واقعہ کے بارے میں حساس تفصیلات شیئر کر رہے ہیں’۔
انہوں نےکہا: ‘تمام سے تاکید کی جاتی ہے کہ وہ ریاست کی سلامتی سے سمجھوتہ کرنے والے ایسے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل سے پرہیز کریں’۔
لوگ سوپور آپریشن سے متعلق حساس تفصیلات شیئر کرنے سے گریز کریں: پولیس
