یو این آئی
جموں// وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے جمعرات کے روز کہاکہ جموں وکشمیر میں جی ٹونٹی اجلاس غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کا رتبہ آج اس مقام پر پہنچا ہے کہ پاکستانی زیر قبضہ کشمیر کے لوگ بھی بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ملک اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
ان کے مطابق آج دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ بھارت ایک مضبوط اور طاقتور ملک ہے اور اس کی نظیر اس سے بڑ ھ کر اور کیا ہو سکتی ہے کہ کشمیر میں جی ٹونٹی کا اجلاس ہونے جارہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سری نگر میں جی ٹونٹی اجلاس غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پہلی دفعہ یہاں پر ایسا بین الاقوامی اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت اس وقت ترقی یافتہ ملک ہے اور پوری دنیا ہمارے ملک کو عزت کی نظروں سے دیکھ رہی ہیں ۔
مرکزی وزیر کے مطابق بھارت کی معیشت اس وقت برطانیہ سے بھی بہتر ہے ۔پاکستانی زیر قبضہ کشمیر کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے کہاکہ موجودہ حکومت کی اس پر جو پالیسی ہے وہ سب کے سامنے عیاں ہے۔انہوں نے کہاکہ اس پار کشمیر کے لو گ بھی اب بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ۔