ڈوڈہ// بٹوت-کشتواڑ قومی شاہراہ پر کھدائی کے دوران ایک ایکسویٹر جمعہ کی صبح آپریٹر سمیت چناب برد ہو گیا۔
ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے بتایا کہ آپریٹر صبح 3 بجے بٹوت-کشتواڑ قومی شاہراہ 244 پر ڈوڈہ سے 15 کلومیٹر دور شیوا ڈول پل کے قریب کھدائی کا کام کر رہا تھا جب مشین کنٹرول کھو کر دریا میں گر گئی۔
انہوں نے بتایا کہ آپریٹر مشین سے نکلنے میں ناکام رہا اور وہ ڈوب گیا۔
دریں اثنا، پولیس نے دیگر ٹیموں کے ساتھ مل کر آپریٹر کا سراغ لگانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ایس ایس پی نے کہا، “پولیس نے ایس ڈی آر ایف اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ تلاشی مہم شروع کی ہے۔ ابھی تک مشین کا صرف ایک حصہ نظر آرہا ہے اور آپریٹر جو مبینہ طور پر ڈوب گیا ہے، ابھی تک نہیں مل سکا ہے”۔
انہوں نے کہا، “لاپتہ آپریٹر کی شناخت راہول شرما (25) ولد سنجے کمار کے طور پر ہوئی ہے جو ضلع ادھم پور کے دھرمتھل کا رہنے والا ہے”۔
ڈوڈہ میں جے سی بی آپریٹر سمیت چناب برد، بچاﺅ کاروائی جاری