سرینگر// ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر جی این ایتو نے جمعہ کے روز کہا کہ تمام اساتذہ 10 فروری 2025 سے اپنے متعلقہ سٹیشنوں پر دستیاب رہیں۔
ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ اساتذہ کو کسی بھی ضلعی یا زونل دفتر میں باضابطہ طور پر حاضری دینے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن یہ یقینی بنائیں کہ وہ سٹیشن سے باہر نہ ہوں۔
جی این ایتو نے کہا، “ان کی خدمات کسی بھی وقت درکار ہو سکتی ہیں، اس لیے انہیں دستیاب رہنا چاہیے اور اسٹیشن سے باہر نہیں جانا چاہیے”۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تدریسی برادری میں اس حوالے سے ابہام پایا جا رہا تھا کہ آیا انہیں اپنے متعلقہ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں موجود ہونا چاہیے یا نہیں۔
اس سے قبل، محکمہ تعلیم نے سرمائی تعطیلات کے اعلان کے وقت ہدایت دی تھی کہ اساتذہ کو 10 فروری 2025 سے اپنے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں موجود رہنا چاہیے، جب کہ اسکول باضابطہ طور پر یکم مارچ 2025 سے دوبارہ کھلیں گے۔
جی این ایتو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا، “اساتذہ کو کسی بھی دفتر میں رپورٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن انہیں امتحانات کے پیش نظر اپنے متعلقہ اسٹیشنوں پر موجود رہنا چاہیے”۔
قبل ازیں، بعض اضلاع اور زونل افسران نے اساتذہ کو 10 فروری 2025 سے اسکولوں میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی تھی، جس کی وجہ سے تدریسی برادری میں الجھن پیدا ہوگئی تھی۔
تاہم، ڈائریکٹر تعلیم نے صورتحال واضح کر دی ہے اور کہا ہے کہ اساتذہ کو صرف اپنے سٹیشنوں پر موجود رہنا ہے۔
کوئی بھی سرکاری استاد 10 فروری سے غیر حاضر نہ رہے: ڈی ایس ای کے
