عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ بی جے پی کو اس بات پر فخر ہے کہ اس کی حکومت کو آرٹیکل 370 کی دیوار گرانے کا موقع ملا۔ مودی نے کہا کہ ہماری حکومت میں جموں کشمیر کو ایک نئی راہ ملی۔ تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوا۔ ملی ٹینسی اور اعلیحدگی پسندی کاخاتمہ ہوا ۔ بے روزگاری پر قابو پایا گیا اور کشمیر میں سیاحت کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا ۔
مودی نے اِ ن باتوں کا اظہار سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی 101ویں سالگرہ کے موقع پر لکھنؤ میں راشٹر پرینا ستھل کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مودی نے کہا کہ بی جے پی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی قائم کردہ بہتر حکمرانی کی میراث کو مرکز اور ریاستی سطح پر نئی بلندیوں تک لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ایک رجحان پیدا ہوا کہ ہر مثبت کامیابی کو ایک ہی خاندان سے جوڑا جائے، لیکن ہماری حکومت نے پنڈت دین دیال اپادھیائے کے انتیوڈیا وڑن کو مشن بنایا تاکہ حکومتی اسکیمیں بغیر کسی امتیاز کے غریبوں تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے تقریباً 25 کروڑ لوگ سوشل سکیورٹی اسکیموں کے تحت تھے جبکہ آج یہ تعداد بڑھ کر 95 کروڑ ہو گئی ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وہ دن دور نہیں جب اتر پردیش کا ڈیفنس کوریڈور دفاعی پیداوار کے لیے عالمی سطح پر جانا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، گورنر آنندی بین پٹیل، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔ عوام نے ترنگا لہرا کر اور نعرے لگا کر وزیر اعظم کا پرجوش استقبال کیا۔ راشٹر پرینا ستھل، جو بھارت رتن اٹل بہاری واجپائی کی زندگی اور نظریات کو وقف ایک قومی یادگار کمپلیکس ہے، میں واجپائی، شیاما پرساد مکرجی اور پنڈت دین دیال اپادھیائے کے 65 فٹ بلند کانسی کے مجسمے نصب ہیں۔ اس میں ایک جدید میوزیم بھی شامل ہے جو کنول کے پھول کی شکل میں 98 ہزار مربع فٹ رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے۔ افتتاح کے بعد وزیر اعظم مودی دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میوزیم گئے اور واجپائی، مکرجی اور اپادھیائے کی خدمات کو اجاگر کرنے والے ڈسپلے دیکھے۔
آرٹیکل 370کی منسوخی کے بعد جموں کشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا ہوا آغاز :وزیراعظم