ممبئی// ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملے کے کیس میں ایک شخص محمد شریف الاسلام شہزاد کو مہاراشٹرا کے تھانے سے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مشتبہ شخص ممکنہ طور پر بنگلہ دیشی شہری ہے۔
کرائم برانچ ممبئی کے ڈی سی پی دکشت گیڈم نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، “ابتدائی شواہد سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم بنگلہ دیشی ہے اور اس کے پاس بھارتی دستاویزات نہیں ہیں۔ کچھ شواہد سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوا ہے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ 16 جنوری کی رات 2 بجے اداکار سیف علی خان پر ان کے رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد تحقیقات کے دوران ملزم محمد شریف الاسلام شہزاد کو گرفتار کیا گیا، جو کہ 30 سال کا ہے۔ پولیس کے مطابق وہ لوٹ مار کی نیت سے گھر میں داخل ہوا تھا اور اب اسے عدالت میں پیش کر کے حراست طلب کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق ملزم 5 سے 6 ماہ پہلے ممبئی آیا اور 15 دن قبل دوبارہ شہر میں داخل ہوا۔ گرفتاری کے وقت وہ خود کو “وجے داس” کے نام سے ظاہر کر رہا تھا، تاہم تفتیش کے دوران اس کا اصلی نام سامنے آیا۔
یہ گرفتاری تھانے کے ہیرانندانی اسٹیٹ میں کسارواڈاولی کے قریب ایک لیبر کیمپ سے کی گئی۔ یہ آپریشن ڈی سی پی زون 6 نوناتھ دھاولے کی ٹیم اور کسارواڈاولی پولیس نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ماضی میں ممبئی کے ایک پب میں کام کرتا تھا اور اس نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے کئی نام استعمال کیے، جن میں وجے داس، بیجوئے داس، اور محمد الیاس شامل ہیں۔
اداکار سیف علی خان کو حملے میں چھ زخم آئے، جن میں سے دو گہرے تھے۔ انہیں فوری طور پر لیلاوتی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی سرجری کی گئی اور اب وہ خطرے سے باہر ہیں۔
واقعے کے وقت سیف علی خان کی گھریلو ملازمہ، ایلیا فلپس عرف لیما، بھی موجود تھیں۔ انہوں نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی، جس میں ان کے ہاتھ پر چوٹ آئی۔ لیما کی چیخوں پر سیف علی خان باہر آئے اور حملہ آور کے ساتھ جھگڑے کے دوران شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کی جانب سے سیف علی خان کے گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور کو عمارت کی سیڑھیاں استعمال کرتے ہوئے 12ویں منزل پر پہنچتے دیکھا گیا۔ بعد ازاں اسے دادر میں ایک سٹور پر ہیڈ فون خریدتے ہوئے اور باندرہ ریلوے سٹیشن پر دیکھا گیا۔
اداکار کی اہلیہ کرینہ کپور خان نے پولیس کو بتایا کہ حملہ آور انتہائی جارحانہ تھا لیکن اس نے گھر میں موجود قیمتی زیورات کو ہاتھ نہیں لگایا۔
لیلاوتی ہسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر نیرج اتّمینی نے بتایا کہ سیف علی خان اب صحت یاب ہو رہے ہیں اور جلد ہی ہسپتال سے ڈسچارج کر دیے جائیں گے۔ ڈاکٹروں نے سیف کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مکمل آرام دیا جا رہا ہے تاکہ ان کی صحت بحال ہو سکے۔
سیف علی خان پر حملے کرنے والا مشتبہ مشتبہ بنگلہ دیشی شہری گرفتار: ممبئی پولیس
