پولیس حراست میں کٹھوعہ کے شہری کی موت، 2 پولیس اہلکار معطل

File Photo

کٹھوعہ//جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں ایک 38سالہ شخص کی مبینہ طور پر پولیس حراست میں موت گئی جس کے بعد اس کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ حراست کے دوران متوفی پر پولیس کی جانب سے تشدد کیا گیا ہے۔
سرکاری زرائع نے بتایا کہ سونو کمار کو کٹھوعہ کے گنڈ علاقے سے پولیس نے اس کے قبضے سے 7گرام ہیروئن برآمد کرنے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ اسے ہفتہ کو پولیس چوکی نگری میں پولیس لاک اپ میں بھیج دیا گیا۔
پیر کی رات لاک اپ میں پراسرار حالات میں اس کی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے میڈیکل کالج (جی ایم سی) کٹھوعہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور دو پولیس اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کٹھوعہ شیودیپ سنگھ جموال نے بتایا، “مجسٹریل جانچ کا حکم دیا گیا ہے۔ دو پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے اور چوکی انچارج کو پولیس لائنز کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے”۔
سونو کمار کے بھتیجے راہول نے الزام لگایا کہ اس کی موت پولیس حراست میں تشدد کے باعث ہوئی۔
راہول نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اتوار کی شام جب سونو ان سے ملا تو وہ “فٹ اینڈ فائن” تھے۔
ایک سٹریٹ فوڈ فروش، سونو کے پسماندگان میں بیوی اور تین چھوٹے بچے ہیں۔ اس کے بھتیجے نے بتایا کہ وہ خاندان کا واحد کمانے والا تھا۔
متوفی کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی موت کے ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔