اودھم پور میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آج آخری تاریخ، اب تک 7 نامزدگیاں داخل

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ آج ختم ہو جائے گی جبکہ اودھم پور-ڈوڈہ سیٹ کیلئے اب تک سات امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کیے ہیں۔
17 ریاستوں اور چار مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 لوک سبھا سیٹوں کے لیے پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو اودھم پور لوک سبھا سیٹ پر انتخابات ہوں گے۔
اودھم پور نشست سے اب تک بی جے پی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے سابق وزیر جی ایم سروڑی سمیت سات امیدوار میدان میں ہیں۔ کانگریس امیدوار چودھری لال سنگھ آج پرچہ نامزدگی داخل کرائیں گے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل ہوگی اور نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 مارچ ہے۔