عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/کشتواڑ ضلع کے چترو کے سنگھ پورہ علاقے میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جاری جھڑپ کے دوران ایک فوجی جاں بحق ہو گیا ہے۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ایکس (X) پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والا فوجی جانبر نہ ہو سکا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
پوسٹ میں کہا گیا، جاری آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ ہمارے ایک سپاہی فائرنگ کے دوران شدید زخمی ہو گئے تھے اور تمام تر طبی کوششوں کے باوجود شہید ہو گئے۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن تاحال جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر علاقے میں محاصرہ اور تلاشی کارروائی شروع کی۔
جیسے ہی فورسز مشتبہ مقام کے قریب پہنچیں، وہاں چھپے دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کی، جس کا مؤثر جواب دیا گیا، اور یوں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیاـ