لداخ// کھیلو انڈیا ونٹر گیمز 2025 کا آغاز جمعرات کو لیہہ میں ہوگا، جس میں 19 ٹیموں کے 428 کھلاڑی مختلف مقابلوں میں شریک ہوں گے۔
مرکزی وزیر کھیل منسکھ منڈاویہ جمعرات کو لیہہ میں ایک پروقار افتتاحی تقریب میں ان کھیلوں کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔
یہ مقابلے پانچ روز تک جاری رہیں گے، جن میں آئس ہاکی اور آئس سکیٹنگ کے ایونٹس شامل ہیں۔ ان کھیلوں کے پہلے مرحلے کے دوران 594 شرکاء بشمول 428 کھلاڑی شرکت کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں مہمانوں کا استقبال روایتی لداخی انداز میں کیا جائے گا۔
کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کا دوسرا مرحلہ 22 سے 25 فروری تک جموں و کشمیر میں منعقد ہوگا، جس میں اسکیئنگ سمیت برفانی کھیل شامل ہوں گے۔
افتتاحی تقریب ناوانگ دورجے سٹوبدن سپورٹس کمپلیکس، لیہہ میں منعقد ہوگی، جس میں لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر بریگیڈیئر ڈاکٹر بی ڈی مشرا اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔
یہ دوسرا موقع ہے کہ لداخ ان کھیلوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کا یہ پانچواں ایڈیشن ہے۔
تمام ٹیمیں لیہہ، جو سطح سمندر سے 11,562 فٹ کی بلندی پر واقع ہے، پہنچ چکی ہیں۔ ہماچل پردیش نے سب سے بڑا دستہ بھیجا ہے، جس میں 78 کھلاڑی اور معاون عملہ شامل ہیں، جبکہ اتراکھنڈ کی ٹیم سب سے چھوٹی ہے، جو صرف ایک کھلاڑی پر مشتمل ہے۔
کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کا مقصد مقامی ثقافت، فن، ورثے کو فروغ دینا اور کھیلوں کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
آئس سکیٹنگ کے مقابلے ناوانگ دورجے سٹوبدن سپورٹس کمپلیکس اور گپکس پونڈ میں منعقد ہوں گے، جبکہ آئس ہاکی کے میچز این ڈی ایس کمپلیکس اور لداخ سکاوٹس ریجیمنٹل سینٹر میں ہوں گے۔
گزشتہ سال کے مقابلوں میں مہاراشٹر نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 20 اسکیٹنگ میڈلز، بشمول چھ گولڈز، حاصل کیے تھے۔ کرناٹک نے بھی چھ گولڈ میڈلز جیتے، تاہم مجموعی طور پر 8 میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ لداخ نے دو گولڈ میڈلز جیت کر نئی تاریخ رقم کی اور مجموعی طور پر 13 میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
آئس ہاکی کے مقابلے سخت مسابقت کے حامل ہوں گے، جہاں آرمی، آئی ٹی بی پی، ہماچل پردیش، اور یو ٹی لداخ کی ٹیموں کے درمیان اعزاز کے لیے جدوجہد ہوگی۔
کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کے تمام ایونٹس کو روزانہ لائیو اسٹریم کیا جائے گا، جبکہ افتتاحی تقریب دوردرشن اسپورٹس پر براہ راست نشر کی جائے گی۔
کھیلو انڈیا سرمائی مقابلے: 19 ٹیموں کے 428 کھلاڑی 5 روزہ مقابلوں میں حصہ لیں گے
