محمد تسکین
بانہال// اینٹی کورپشن بیورو (اے سی بی) نے پیر کی دوپہر تحصیل دفتر بانہال پر چھاپہ مار کاروائی کے دوران ایک جونیئر اسسٹنٹ کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ تحصیل دفتر بانہال میں رشوت خوری کی شکایات کئی سالوں سے موصول ہو رہی تھیں اور بالآخر بانہال کے نوگام علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی شکایت پر اینٹی کورپشن بیورو (اے سی بی) کی ایک ٹیم نے تحصیل دفتر بانہال پر چھاپہ مارا اور محمد اسحاق بٹ نامی ایک جونیئر اسسٹنٹ کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ فریقین میں زمین کے ایک تنازع میں ملزم نے کسی کام کیلئے اٹھارہ ہزار روپئے کی رقم بطور رشوت مانگی اور وصول کی تھی۔
شکایت موصول ہونے پر اے سی بی نے ٹریپ ٹیم تشکیل دی، جس نے تیز کاروائی کرتے ہوئے حکمت عملی تیار کی اور جونیئر اسسٹنٹ تحصیل دفتر بانہال محمد اسحاق بٹ کو رنگے دھر دبوچ لیا اور گرفتار کرکے اسے جموں منتقل کر دیا گیا۔
اینٹی کورپشن بیورو کی ایک ٹیم نے محمد اسحاق کی رہائش واقع چریل بانہال اور جموں میں بھی چھاپہ مارا ہے اور اس کے بنک کھاتوں کی بھی جانچ کی گئی، ملزم سے کئی گھنٹوں تک پوچھ تاچھ بھی کی گئی ہے۔
معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔