عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر حکومت نے ایک اہم سائبر سیکورٹی اقدام کے تحت تمام انتظامی محکموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام غیر مجاز ویب سائٹس کو بند کریں جو نجی ڈومینز جیسے “.com” یا “.org” پر چل رہی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام سرکاری دفاتر صرف “.gov.in” یا “jk.gov.in” جیسے منظور شدہ ڈومینز پر مبنی ویب سائٹس ہی استعمال کریں گے۔
اس اقدام کا مقصد سرکاری ڈیٹا کو محفوظ بنانا، سائبر حملوں سے بچاؤ اور عوام کو مستند و بااعتماد معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت نے تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی آن لائن موجودگی کو نیشنل انفارمیٹکس سنٹر (این آئی سی) کے ذریعے تصدیق شدہ ویب پورٹلز پر منتقل کریں۔
علاوہ ازیں، تمام سرکاری افسران اور ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے صرف @jk.gov.in یا @gov.in ای میل آئی ڈیز استعمال کریں۔ نجی یا ذاتی ای میل آئی ڈیز کے ذریعے سرکاری مراسلت کو سیکورٹی خدشات کے تحت سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے سرکاری اداروں میں سائبر تحفظ کا معیار بہتر ہوگا اور حساس معلومات کے غیر ارادی اخراج یا ہیکنگ کے خطرات میں کمی آئے گی۔حکومت نے تمام محکموں سے رپورٹ طلب کی ہے کہ وہ کب تک غیر مجاز ویب سائٹس بند کریں گے اور نئی سائبر سیکورٹی پالیسی پر مکمل عمل درآمد کب تک یقینی بنائیں گے۔
جموں و کشمیر میں غیر مجاز ویب سائٹس پر پابندی عائد
