عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// وادی کشمیر کی سب سے بڑی عبادت گاہ تاریخی جامع مسجد سری نگر کو جمعے کے روز قریب 10 ہفتے بعد نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لئے کھولا گیا۔
میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ”جامع مسجد سرینگر میں لگاتار 10 جمعہ کی نمازوں پر پابندی کے بعد بالآخر آج جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت دے دی گئی ہے“۔
مسجد کا انتظام و انصرام چلانے والی انجمن اوقاف نے بتایا کہ مسلسل 10 جمعتہ المبارک کے بعد حکام کی جانب سے تاریخی جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ جیسے اہم فریضے کی ادائیگی کی اجازت دیئے جانے پر عوام نے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ مختلف بہانوں کی آڑ میں آئندہ جامع مسجد بند کرانے سے گریز کیا جائے تاکہ عوام جو اس عظیم عبادتگاہ میں دور دراز علاقوں سے آکر اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور رکوع و سجود کے ذریعے اس کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں اس میں خلل نہ آئے۔