محمد تسکین
رام بن// وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک آمد ورفت مسلسل تیسرے روز بھی بند ہے تاہم بحالی کا کام جاری ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ پنتھیال، کیفٹیریا موڑ اور مہاڑ رام بن میں سڑک کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور مزید کئی گھنٹے بحالی میں لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی بحالی کی صورت میں صرف درماندہ ٹریفک کو ہی چلنے کی اجازت ہوگی۔
اسی دوران ضلع رام بن کے مختلف مقامات پر جمعرات کی شام سے 1000 سے زیادہ مسافر اور مال بردار ٹرک پھنسے ہوئے ہیں۔ جمعرات شام سے ہی ضلع انتظامیہ رام بن نے درماندہ مسافروں کو کھانا فراہم کیا ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ رام بن – بانہال سیکٹر میں پنتھیال کے مقام پر بدھ کی دیر شام پتھر گرآنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو اب تھم گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت کو بحال کرنے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے، جوں ہی شاہراہ آمد ورفت کے قابل ہو جائے گی، درماندہ گاڑیوں کو نکالا جائے گا۔
ٹریفک حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ خراب موسمی صورتحال کے درمیان شاہراہ پر سفر کا منصوبہ نہ بنائیں۔
ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ مسلسل بند ہیں۔