شمالی کشمیر میں بھاری ژالہ باری سے میوہ باغات اور فصلوں کو نقصان

File Photo

سری نگر// شمالی کشمیر میں اچانک ہوئی تباہ کن ژالہ باری سے درجنوں دیہاتوں میں باغات اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، جس سے کسانوں میں مایوسی دیکھی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بارہمولہ کے کھموہ، رفیع آباد، واگورہ، کریری اور لڈورہ کے علاقوں کے علاوہ ہیامہ، گٹلی پورہ، کرالپورہ، ترہگام، سوگام، درگمولہ، سالکوٹ اور کپواڑہ کے دیگر دیہات حتیٰ کہ رفیع آباد، پوتو کھاہ، واگورہ، وترگام، پٹن اور سوپور سمیت کئی علاقوں میں بھی بھاری ژالہ باری ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقوں میں بھاری ژالہ باری سے بڑے پیمانے پر گندم، چاول اور سبزیوں سمیت زرعی فصلوں اور دیگر باغات کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
ُاُنہوں نے بتایا کہ پھلوں سے لدے درختوں بشمول سیب، چیری اور ناشپاتی کے باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، جس سے اس شعبے پر انحصار کرنے والے لاتعداد کسانوں اور کارکنوں کی روزی روٹی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
مقامی آبادی نے دریں اثناءحکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ژالہ باری سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیں اور موسم کی خرابی سے ہونے والے نقصان پر قابو پانے کے لیے انہیں معاوضہ دیا جائے۔