عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// وادی کشمیر کے وسطی و شمالی علاقوں اور جموں شہر سمیت پونچھ میں کہیں ہلکی بوندا باندی اور کہیں تیز بارشوں کے بعد جمعہ کو دن کے درجہ حرارت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جہاں کل سرینگر کے 32.2 ڈگری سیلسیس کے مقابلے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مئی 2013 میں بھی سرینگر میں درجہ حرارت 32.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
کشمیر کے مختلف حصوں میں گرمی کی لہر جاری ہے، مقامی محکمہ موسمیات نے اگلے پانچ دنوں تک موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گرمی کی لہر؛ محکمہ صحت نے بچوں، بزرگوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی
تفصیلات کے مطابق قاضی گنڈ جمعہ کو کشمیر میں سب سے زیادہ گرم رہا جہاں پارہ کل کے 32.6 ڈگری سیلسیس کے مقابلے 31.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ پارہ میں معمولی گراوٹ پہلگام، کپواڑہ، کوکرناگ اور گلمرگ میں بھی ریکارڈ کی گئی۔
پہلگام میں کل کے 27.3 ڈگری سیلسیس کے مقابلے پارہ 26.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ کپواڑہ میں کل کے 30.6 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں پارہ 29.5 ڈگری سیلسیس درج ہوا جبکہ کوکرناگ اور گلمرگ میں، پارہ کل کے 30.1 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں 30.0 ڈگری سیلسیس اور کل کے 20.8 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔
جموں کے تین سٹیشنوں بشمول جموں، بانہال اور بٹوت میں بھی پارے میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی کیونکہ پارہ بالترتیب 40.0 ڈگری سیلسیس، 28.6 ڈگری سیلسیس اور 29.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، تاہم کٹرہ میں کل کی طرح زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت جمعہ کو بھی 36.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ بھدرواہ میں یہ 32.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریں اثناءڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر مختار احمد نے کے این او کو بتایا کہ 28 مئی تک موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
29 سے 31 مئی تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور کچھ مقامات پر ہلکی بارش اور گرج چمک کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 31 مئی تک کوئی خاص موسمی سرگرمی متوقع نہیں ہے۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے کسانوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں انہیں فارم کے کام جاری رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
جموں صوبہ اور کشمیر صوبہ کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر اگلے 6 دنوں کے دوران جاری رہنے کا امکان ہے۔ اگلے 6 دنوں کے دوران پہاڑی اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے لوگوں کو گرمی سے بچنے اور بہت زیادہ سیال اور پانی پینے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ دریں اثنا، محکمہ نے کسانوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں انہیں زرعی سرگرمیاں جاری رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔