عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں سخت سردیوں کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلاں کا آغاز برف و باراں سے ہوا جس کے نتیجے میں وادی میں طویل خشک موسمی صورتحال ختم ہوئی اورلوگوں نے راحت کی سانس لی۔وادی کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس نے ماحول کو صاف کرکے گہری دھند اور فضائی آلودگی سے لوگوں کو بڑی حد تک نجات دلائی ہے۔
اطلاعات کے مطابق وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں 2 برف جمع ہوئی ہے جبکہ سونہ مرگ میں بھی 2 انچ برف جمع ہوئی ہے اس کے علاوہ دودھ پتھری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی برف کی مہین سی چادر بچھ گئی ہے جبکہ سادھنا ٹاپ پر 6 انچ برف جمع ہوئی ہے۔دریں اثنا ٹریفک حکام کے مطابق وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے تاہم جنوبی کشمیر کے شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے مغل روڈ اور وادی کو لداخ کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر برف باری سے پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے۔
مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ متعلقہ ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ کرکے سڑکوں کے متعلق اپ ڈیٹ حاصل کریں۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 21 دسمبر کی شام تک پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جس کے بعد موسم میں بتدریج بہتری متوقع ہے۔
کشمیر میں برف وباراں سے چالیس روزہ چلہ کلاں کا آغاز