نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ناگالینڈ جیسی ریاست میں پچھلے سال اسٹارٹ اپ رجسٹریشن میں 200 فیصد اضافہ ہوا ہے اور چھوٹے شہروں میں اسٹارٹ اپ میں آدھے سے زیادہ کی قیادت بیٹیاں کررہی ہیں۔
آل انڈیا ریڈیو پر نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام ‘من کی بات’ میں مسٹر مودی نے کہا کہ ابھی کچھ دن پہلے ہی اسٹارٹ اپ انڈیا نے نو سال مکمل کیے ہیں۔ جتنے اسٹارٹ اپ نو سال میں بنے ہیں ان میں سے نصف سے زیادہ ٹائر 2 اور ٹائر 3 شہروں سے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ ہمارا اسٹارٹ اپ کلچر بڑے شہروں تک ہی محدود نہیں ہے۔ امبالہ، حصار، کانگڑا، چنگل پٹو، بلاس پور، گوالیار اور واشیم جیسے شہر اسٹارٹ اپ کے مرکز بن رہے ہیں۔ ویسٹ مینجمنٹ، غیر قابل تجدید توانائی، بائیو ٹیکنالوجی اور لاجسٹکس وہ شعبے ہیں جن سے جڑے اسٹارٹ اپ سب سے زیادہ دیکھے جارہے ہیں۔ یہ روایتی شعبے نہیں ہیں، لیکن ہمارے نوجوان دوست بھی تو روایت سے ہٹ کر سوچتے ہیں اور اسی لیے انہیں کامیابی مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 سال قبل جب کوئی اسٹارٹ اپ کے شعبے میں جانے کی بات کرتا تھا تو اسے طرح رطح کے طعنے سننے پڑتے تھے۔ کوئی پوچھتا تھا کہ آخر اسٹارٹ اپ ہوتا کیا ہے؟ تو کوئی کہتا تھا کہ اس سے کچھ ہونے والا نہیں ہے۔ لیکن اب دیکھیں ایک دہائی میں کتنی تبدیلی آئی ہے۔ آپ کو بھی ہندوستان میں پیدا ہونے والے نئے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اگر آپ کو خود پر یقین ہے تو آپ کے خوابوں کو بھی نئی اڑان ملے گی۔
بیٹیاں چھوٹے شہروں میں آدھے سے زیادہ سٹارٹ اپس کی قیادت کر رہی ہیں: مودی
