عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جنوبی کشمیر کے ہاپتناڑ علاقے میں واقع ایک سرکاری ہائی اسکول کا نام اُس بہادر ٹورسٹ گائیڈ عادل حسین شاہ کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے گزشتہ برس پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے دوران سیاحوں کو بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی تھی۔
حکومت کی جانب سے ہاپتنار ہائی اسکول کا نام تبدیل کرکے “شہید عادل میموریل ہائی اسکول” رکھا گیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں وزیر سکینہ ایتو نے شرکت کی۔
اننت ناگ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا کہ عادل حسین شاہ کی قربانی ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ “عادل نے نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ملک میں اپنی ایک الگ پہچان قائم کی ہے۔ دوسروں کی جان بچانے کیلئے اپنی جان خطرے میں ڈال دینا غیر معمولی جرأت کی بات ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔”
وزیر موصوفہ نے واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُسی رات جائے وقوعہ پر پہنچی تھیں۔ اُن کے مطابق جب عادل کی بہادری کے بارے میں معلوم ہوا تو وہ ایک ایسا لمحہ تھا جسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔
سکینہ ایتو نے کہا کہ اسکول کا نام عادل حسین شاہ کے نام پر رکھنا حکومت کی جانب سے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک اہم قدم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ “ایک سال کےن اندر اسکول کو عادل حسین شاہ کے نام سے منسوب کیا گیا اور آنے والی نسلیں بھی اُنہیں یاد رکھیں گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے غمزدہ خاندان کو کچھ حد تک دلی سکون حاصل ہوگا۔ اُن کے بقول والدین کیلئے یہ اعزاز اُن کے غم میں کسی حد تک تسلی کا باعث بنے گا۔
پہلگام حملے میں سیاحوں کو بچاتے ہوئے جان قربان کرنے والے عادل حسین شاہ کے نام سے ہاپتناڑہائی اسکول منسوب