محکمہ جیل خانہ جات کے تین ملازمین کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا حکم

File Photo

جموں//جموں و کشمیر حکومت نے سوموار کو محکمہ جیل خانہ جات کے تین اہلکاروں کو بدعنوانی، ناقص کارکردگی اور سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا حکم دیا۔
حکومت نے کہا ہے کہ انتظامیہ کو مزید موثر اور شفاف بنانے کی اپنی کوششوں میں، محکمہ جیل خانہ جات کے تین اہلکاروں کو “بدعنوانی اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے” کے الزام میں قبل از وقت ریٹائر کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری ایک حکم نامہ کے مطابق،”ان اہلکاروں نے اپنے فرائض ایسے طریقے سے انجام دیے جو سرکاری ملازمین کے لیے ناگوار تھے اور قائم کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے تھے۔ یہ مشق ان اہلکاروں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے باقاعدہ عمل کے ایک حصے کے طور پر کی گئی تھی، جو عمر/ خدمت کی مدت کے معیارات سے تجاوز کرتے ہیں”۔
حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے،ان میں سے ایک سنگین مجرمانہ کیس میں ملوث پایا گیا اور تین سال تک زیر حراست رہا۔ ایک اور اہلکار مواصلات کے سرکاری چینلز کی خلاف ورزی کا عادی پایا گیا اور اسے فرضی اور فضول شکایات بھیجنے، آر ٹی آئی ایکٹ کا غلط استعمال کرنے اور ہائی کورٹ کا وقت ضائع کرنے کا قصوروار پایا گیا جس کے لیے عدالت نے اس پر 10,000 روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ اہلکار کو تین سالانہ انکریمنٹ روکنے کی شکل میں بڑی سزا دی گئی۔
اس کے علاوہ، ایک اہلکار سب جیل ریاسی کے اندر ممنوعہ اشیاءکی سمگلنگ میں ملوث پایا گیا۔
جائزہ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ان ملازمین کی کارکردگی غیر تسلی بخش پائی گئی اور سرکاری ملازمت میں ان کا مستقل رہنا مفاد عامہ کے خلاف پایا گیا۔
حکومت نے دعویٰ کیاکہ ماضی کے دوران، بدعنوانی کے خلاف اپنی زیرو ٹالرنس پالیسی کے ایک حصے کے طور پر، مختلف ملازمین کو ان کے خلاف محکمانہ کارروائیوں کی سختی سے پیروی کرنے کے بعد، سرکاری بدانتظامی کی وجہ سے ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔
حکم نامہ کے مطابق،”جموں و کشمیر CSRs کے آرٹیکل 226(2) کے تحت مقدمات پر غور کرنے کے لیے تشکیل دی گئی بااختیار کمیٹیوں کے ساتھ بہت سے معاملات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، بہت سے ملازمین کو ملک دشمن سرگرمیوں کی وجہ سے ملازمت سے برطرف بھی کیا گیا ہے”۔