جموں// جموں و کشمیر حکومت نے کٹھوعہ ضلع میں غیر قانونی کان کنی کو روکنے میں ناکامی پر معطل کیے گئے ایک سرکاری افسر کے خلاف عائد الزامات کی تفصیلی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، صنعت و تجارت محکمہ کے کمشنر سیکریٹری وکرم جیت سنگھ کی جانب سے جاری ایک حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ معطل ضلع منرل افسر کٹھوعہ نوین کمار کے طرز عمل کی تحقیقات ایک ماہ کے اندر مکمل کی جائے گی۔
نوین کمار کو 3 دسمبر کو ان کی مبینہ کوتاہیوں کے باعث معطل کیا گیا تھا اور ان کے خلاف تحقیقات کا حکم جاری ہوا تھا۔
حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے سپیشل سیکریٹری مائننگ ڈیپارٹمنٹ، نرگس سریا؛ ڈائریکٹر فنانس مائننگ ڈیپارٹمنٹ، ریاض حسین؛ اور ڈپٹی ڈائریکٹر جیولوجی اینڈ مائننگ (جموں)، راج کمار کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا ہے۔
ان تمام اراکین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی سفارشات کے ساتھ مکمل رپورٹ 30 دن کے اندر حکومت کو پیش کریں۔
کٹھوعہ میں معطل سرکاری افسر کے خلاف الزامات کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل
