جموں//خود کو آئی پی ایس رینک کا افسر ظاہر کرنے والا محکمہ آبپاشی جموں و کشمیر کا ایک درجہ چہارم ملازم پیر کے روز گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
پولیس نے پیر کے روز کہا کہ پنجاب کی ایک خاتون کی طرف سے ایک شکایت درج کرائی گئی ، جس میں خاتون نے الزام لگایا کہ متعلقہ ملازم خود کو آئی پی ایس رینک افسر کے طور پر ظاہر کر رہا ہے اور اس نے شکایت کنندہ کے 7سے8 لاکھ روپے ہڑپ کر لئے ہیں۔
شکایت کنندہ نے بتایا کہ آئی پی ایس امتحان کی خواہشمند ہونے کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا پر متعلقہ ملزم سے ملی۔
پولیس نے کہا، “ملزم خود کو آئی پی ایس رینک کے افسر کے طور پر ظاہر کررہا تھا اور مدھیہ پردیش میں تعینات ڈی آئی جی رینک کے ایک سینئر آئی پی ایس افسر کے نام سے فیس بک پر جعلی اکاو¿نٹ چلا رہا تھا”۔
پولیس نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کے خلاف جموں پولیس کی ٹیم نے تیزی سے کام کیا اور ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کی شناخت راکیش کمار ساکنہ ارنیہ، تحصیل بشناہ، جموں کے طور پر کی گئی ہے۔
وہ جموں و کشمیر حکومت کے محکمہ آبپاشی میں درجہ چہام کاملازم ہے۔
پولیس نے بتایا، ”ملزم سے لاکھوں روپے نقدی اور دیگر مالیت بھی برآمد کی گئی ہے اور مزید کارروائی کے لیے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے“۔
تاہم جموں و کشمیر پولیس نے لوگوں سے محتاط رہنے اور دھوکہ دہی اور جعلی سوشل میڈیا اکاونٹس سے چوکنا رہنے کی اپیل کی ہے۔
نقلی آئی پی ایس آفیسر بن کر لاکھوں روپے کا چونا لگانے والا درجہ چہارم ملازم گرفتار