نروال دھماکہ معاملہ:سرکاری ملازم گرفتار،پرفیوم آئی ای ڈی برآمد:پولیس سربراہ

Photo: Mir Imran

یواین آئی

جموں// جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے 21 جنوری کے نروال دھماکے میں بڑی کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک جنگجو جو سرکاری ملازم بھی ہے، کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے اپنی نوعیت کی پہلی پرفیوم آئی ای ڈی بر آمد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں پولیس کی گیارہ دنوں کی انتھک محنت کے بعد ریاسی سے تعلق رکھنے والے عارف احمد نامی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
موصوف پولیس سربراہ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ 21جنوری کے نروال دھماکے میں پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔اُن کے مطابق پولیس نے لشکر طیبہ کے ایک جنگجو عارف احمد ساکن ریاسی جموں کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔ انہوں نے کہاکہ گرفتار جنگجو سرکاری ملازم بھی ہے اور اُس کی تحویل سے ایک آئی ای ڈی بھی برآمد کی گئی۔
دلباغ سنگھ نے کہاکہ عارف قاسم نامی ہینڈلر جو پاکستان میں مقیم ہے سے مسلسل رابطے میں تھا اور اُس کے کہنے پر ہی تخریبی کارروائیوں کو انجام دے رہا تھا۔
پولیس سربراہ نے دعویٰ کیا کہ شاستری نگر کٹرا اور 21جنوری کو نروال جموں میں ہوئے آئی ای ڈی دھماکے میں عارف نامی جنگجو ملوث رہا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ ابھی تک سیکورٹی ایجنسیوں نے سٹکی بم ، ٹائمر آئی ای ڈی دیکھی تھی لیکن عارف نامی جنگجو کے قبضے سے جو آئی ای ڈی برآمد ہوئی وہ پرفیوم آئی ای ڈی ہے۔