عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر بھر میں 26 فروری تک خشک موسم کی پیش گوئی کے درمیان جمعہ کو شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 26 فروری تک موسم میں کوئی خاص تبدیلی آنے کا امکان نہیں ہے اس دوران موسم عام طور پر خشک اور راتیں سرد رہیں گی”۔
اُنہوں نے بتایا کہ 26 فروری کی شام تک کوئی اہم موسمی سرگرمی نہیں ہو گی۔ 27 اور 28 فروری کے درمیان کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش/برفباری کا امکان ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ 29 فروری کو الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش/برفباری متوقع ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ یکم تا3 مارچ کے دوران زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے اعتدال پسند بارش/برفباری کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ رات درجہ حرارت منفی 2.6، گلمرگ میں منفی 10 اور پہلگام میں منفی 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ لداخ خطہ کے لیہہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 18.6، کرگل میں منفی 22.2 اور دراس میں منفی 25 درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ اسی دوران جموں شہر میں درجہ حرارت 6، کٹرہ میں 5.6، بٹوت میں 0.2، بھدرواہ میں منفی 2.4 اور بانہال میں منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔