عظمیٰ ویب ڈیسک
کٹھوعہ// جموں صوبہ کٹھوعہ ضلع میں منگل کو تین تعمیراتی کارکنوں اور ایک لوڈ کیریئر کے ڈرائیور کو ایک ندی میں پھنس جانے کے بعد بچا لیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ چار لوگ کٹھوعہ شہر کے قریب اُجھ ندی پر پل کی تعمیر کے کام کیلئے گئے تھے لیکن رات بھر کی بھاری بارش کی وجہ سے پانی میں اچانک اضافہ ہونے کی وجہ سے وہ سیلابی ریلے میں پھنس گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (SDRF) اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد پھنسے ہوئے لوگوں کو کامیابی سے بچا لیا۔
بتادیں کہ جموں صوبہ کے میدانی علاقوں میں گزشتہ روز سے بھاری بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ندی نالوں میں پانی کی طغیانی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ ادھر، وادی کشمیر میں سرینگر سمیت تمام علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔