بھارت- پاک افواج کے مابین مٹھائی اور تحائف کا تبادلہ

جموں// بھارت اور پاکستان کے مابین تناؤ کے باوجود دونوں ممالک کی سرحدی فورسز ایک دوسرے کے مذہبی اور قومی تہواروں پر خیر سگالی کے طور پر مٹھائی کا تبادلہ کرتی ہیں۔
بھارت کے 74ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر جموں وکشمیر کی سرحدوں سمیت واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرز اور بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے مابین مٹھائی اور تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔
زیرو لائن اور پاکستانی چوکیوں سے چند میٹر کے فاصلے پر بی ایس ایف کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) نے ترنگا لہرایا اور بلند آواز میں پیغام دیا کہ ملک کا قومی پرچم لہراتا رہے گا۔
بی ایس ایف کے کمانڈنٹ جسبیر سنگھ نے تمام ہم وطنوں کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی اور کہا، “جے سی پی اٹاری نے قومیت کی علامت کے طور پر ایک منفرد شناخت بنائی ہے، پاکستان رینجرز پنجاب اور بی ایس ایف انڈیا کے جوان مشترکہ پریڈ کے دوران جذبوں کی جنگ لڑتے ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہاں کئی پروگرام منعقد کیے ہیں اور پاکستان رینجرز کو مٹھائی بھی پیش کی ہے۔
بتادیں کہ واہگہ بارڈر پر جہاں ہر شام پاکستان رینجرز پنجاب اور بی ایس ایف انڈیا کے جوان مشترکہ پریڈ کے دوران جذبوں کی جنگ لڑتے ہیں، وہیں دونوں ہمسائے اور روایتی دشمن ایک دوسرے کو مذہبی اور قومی تہواروں پر مبارک باد اور مٹھائی بھی دیتے ہیں۔
جمعرات کے روز بھارتی یوم جمہوریہ پر بھی دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے مقامی کمانڈروں نے ایک دوسرے کو مٹھائی اور تحائف پیش کیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان رینجرز نے بی ایس ایف انڈیا کے جوانوں کو ان کے یوم جہموریہ پر مبارکباد پیش کی۔ دونوں فورسز کے مقامی کمانڈروں نے گرم جوشی سے ہاتھ ملائے اور مٹھائی کا تبادلہ کیا۔
فوج کی 176 بٹالین،کمپنی کمانڈر، شیلیندر سنگھ نے کہا کہ انہوں نے سرحد پر اہلکاروں کے ساتھ مٹھائی کا تبادلہ کیا ہے تاکہ ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات کو برقرار رکھا جا سکے۔