مینڈھر// پونچھ کے مینڈھر میں جموں و کشمیر بینک برانچ میں چھپ کر مبینہ طور پر رقم اپنے کھاتے میں منتقل کرنے کی کوشش کے دوران ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محمد ابرار نامی شخص پیر اور منگل کی درمیانی شب جموں کشمیر بینک کی مینڈھر برانچ میں چھپ کر مبینہ طور پر کچھ رقم اپنے بینک کھاتے میں منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جس دوران بینک ملازمین کو اس کا سراغ ملا ، ملازمین نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
مینڈھر کے اڑی گاوں کے رہائشی، محمد ابرار کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بینک کا سابق ملازم تھا لیکن اسے دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کے الزام میں 2021 میں برطرف کر دیا گیا تھا۔
پولیس عہدیدار نے بتایا کہ وہ پیر کے روز بینک کے اوقاتِ کار کے دوران بینک میں داخل ہوا اور ’فالس سیلنگ‘ کے اندر چھپنے میں کامیاب ہوگیا۔جس کے بعد دیر رات اس نے بینک کے سسٹم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ شروع کر دی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے مبینہ طور پر رات گئے بینک کے سسٹم سے رقم منتقل کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، بینک کے مرکزی ہیڈ کوارٹر نے رات کے اوقات کے دوران غیر معمولی سرگرمی دیکھی اور متعلقہ برانچ کے عملہ کو آگاہ کیا، جو بعد میں پولیس کے ساتھ بینک پہنچے اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
حکام نے بتایا کہ ابرار سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ڈکیتی کی کوشش میں کوئی اور بینک ملازم ملوث نہیں تھا۔
سابق بینک ملازم بینک میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران گرفتار