عظمیٰ ویب ڈیسک
بٹوت// اودھم پور ضلع کے پتنی ٹاپ علاقے کے قریب ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد علاقے میں آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج کا ’آپریشن عسر‘ ڈوڈہ ضلع کے پولیس تھانہ عسر کے دائرہ اختیار میں پڑنے والے علاقے چھوٹی چنگر ڈھوک شیو گڑھ میں شروع کیا گیا تھا۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ـ”مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر، پتنی ٹاپ کے قریب اکار جنگل میں فوج اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا”۔
اُنہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کا ملی ٹینٹوں سے آمنا سامنا ہوا اور طرفین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ بھاگ نکلنے کے تمام راستوں پر پہرے بٹھا دیے گئے ہیں اور سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک کو علاقے میں روانہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں 3 سے 4 ملی ٹینٹ محاصرے میں پھنس گئے ہیں تاہم آپریشن ابھی جاری ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
قبل ازیں، اودھم پور ضلع کے بسنت گڑھ میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا تاہم علاقے میں بڑا فوجی آپریشن تاحال جاری ہے حکام کو کوئی کامیابی ہاتھ نہیں لگی ہے۔
ادھر اننت ناگ کے کوکرناگ میں آپریشن آج چوتھے روز بھی جاری رہا، جہاں ملی ٹینٹوں کی فائرنگ میں دو فوجی اہلکار اور ایک شہری مارے گئے تھے۔