اننت ناگ-راجوری نشست پر الیکشن ملتوی ہونے کا امکان، الیکشن کمیشن نے انتظامیہ، سی ای او سے رپورٹ طلب کر لی

File Image

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے جموں اور کشمیر میں اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ میں لوک سبھا 2024 کے عام انتخابات کو دوبارہ شیڈول کرنے کی درخواستوں پر کاروائی کرتے ہوئے جموں و کشمیر انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
مختلف سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور افراد، جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے عمران رضا انصاری، بی جے پی صدر رویندر رینہ، اور جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے سید محمد الطاف بخاری نے ای سی آئی کو اپنی نمائندگیاں جمع کرائی ہیں اور انتخابات ری شیڈول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس کے جواب میں، ای سی آئی نے حکومت جموں و کشمیر اور جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کو سڑک کے حالات، موسم، رسائی سے متعلق چیلنجوں، اور نمائندگیوں میں بیان کردہ دیگر متعلقہ مسائل پر ایک جامع رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
جمعرات کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ایک مواصلت کے مطابق، یہ درخواست انتخابی عمل کو متاثر کرنے والے عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے منصفانہ اور قابل رسائی انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔