فیاض بخاری
بارہمولہ// منشیات کے خلاف مہم کو مزید مؤثر بناتے ہوئے، پولیس نے بارہمولہ ضلع کے اوڑی علاقے میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1.208 کلو گرام بھنگ کا پاؤڈر برآمد کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس تھانہ اوڑی کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او اوڑی کی قیادت میں گنگل علاقے میں ایک چوکی قائم کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران ایک مشتبہ شخص کو روکا گیا، جس کی شناخت سلیم خان ولد اختر خان ساکنہ داوراں اوڑی کے طور پر کی گئی۔ تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے بھنگ کا پاؤڈر برآمد ہوا۔
پولیس نے فوری طور پر ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ سماج کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔