بارہمولہ میں منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد برآمد: پولیس

File Image

یو این آئی

بارہمولہ// منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ بارہمولہ پولیس نے ووسن پٹن میں ایک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ منشیات فروش کی تحویل سے 32 گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد، سونے کی ایک انگوٹھی اور ڈھائی سو روپیے نقدی بر آمد کئے گئے۔
بیان میں منشیات فروش کی شناخت لطیف احمد میر ولد غلام محی الدین ساکن واری پورہ تاپر کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پٹن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلےچار مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 79 مقدمے درج کرکے 36 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 145 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے ایک کروڑ 88 لاکھ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد بھی بر آمد کیا ہے۔