جموں// جموں و کشمیر کی وزیر صحت سکینہ ایتو نے منگل کے روز کہا کہ راجوری کے بڈھال گاوں میں ڈاکٹروں اور ماہرین کی ٹیم خیمہ زن ہے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ گاوں میں بیماری یا وائرس نہیں لہذا اب اس معاملے کی پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔
ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے کٹھوعہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ راجوری کے بڈھال گاوں میں پر اسرار اموات کی تحقیقات کے لئے پولیس نے اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دی ہے۔
وزیر نے کہا کہ جوں ہی بڈھال راجوری میں اموات کا سلسلہ شروع ہوا تو جموں وکشمیر کی سرکار نے فوری کارروائی عمل میں لا کر ڈاکٹروں کو وہاں روانہ کیا۔
ان کے مطابق گزشتہ کئی ہفتوں سے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف راجوری کے بڈھال گاوں میں خیمہ زن ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹروں نے وہاں رہائش پذیرسبھی لوگوں کے ٹیسٹ کئے جو منفی آئے جس کا یہ مطلب ہے کہ بڈھال میں کوئی بیماری یا وائرس نہیں۔
سکینہ ایتو نے کہاکہ پولیس نے اموات کی وجوہات جاننے کی خاطرٹیم تشکیل دی ہے جبکہ مرکزی وزارت داخلہ کی ٹیم بھی علاقے میں خیمہ زن ہے۔
انہوں نے کہا کہ راجوری کے بڈھال گاوں میں سیمپنگ کے ساتھ ساتھ غذائی اجناس، پینے کے پانی اور جڑی بوٹیوں کے بھی نمونے لیبارٹری روانہ کئے گئے ہیں۔
ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں سکینہ ایتو نے کہاکہ محکمہ ہیلتھ میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیلنجوں کے باوجود بھی ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل عملہ اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
چیلنجوں کے باوجود بھی طبی عملہ خوش اسلوبی سے خدمات انجام دے رہا ہے: وزیر صحت
