بے دخلی مہم کے دوران پتھراؤ؛ عام آدمی پارٹی ریاستی وائس چیئرمین سمیت 8گرفتار

جموں کے ملک مارکیٹ علاقے میں ہفتہ کو انتظامیہ کی طرف سے چلائی جا رہی انسداد تجاوزات مہم کے دوران احتجاج کررہے لوگ۔۔۔۔

جموں//جموں کے ملک مارکیٹ علاقے میں سنیچر کو تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران پتھراؤ کے واقعہ کے سلسلے میں جموں و کشمیر پولیس نے اب تک عام آدمی پارٹی کے وائس چیئرمین اور ضلع ترقیاتی کونسل ڈوڈہ کے رکن سمیت 8افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سرکاری زرائع نے بتایا کہ لوگوں نے ملک مارکیٹ میں بے دخلی مہم کے دوران محکمہ مال اور پولیس کی ٹیم پر پتھراؤ کیا جس سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو مظاہرین کو منتشر کرنے اور حالات کو قابو میں کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے۔
پولیس زرائع نے مزید بتایا،”واقعے کے بعد قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی جس دوران پتھراؤ کرنے والوں کی شناخت کی گئی”۔
انہوں نے کہا کہ اب تک آٹھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں کچھ شناخت شدہ پتھرباز اور چند دیگر لوگ شامل ہیں جو لوگوں کو اکسانے کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے ریاستی وائس چیئرمین اور رکن ضلع ترقیاتی کونسل ڈوڈہ مہراج ملک کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔