عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز قانون ساز اسمبلی میں بی جے پی اراکین سے متعلق اپنے ریمارکس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی تقریر میں کوئی غیر پارلیمانی الفاظ شامل ہوں تو اسپیکر انہیں حذف کر دیں۔اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئےوزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز ایوان میں جو ریمارکس دیے، اس پر انہیں افسوس ہے۔انہوں نے وضاحت کی، ’’جو میں نے کہا اس سے شاید انہیں تکلیف پہنچی ہو، اس پر میں معذرت خواہ ہوں۔ تاہم میرے ریمارکس ان کے خلاف تھے، ان کے اہلِ خانہ کے خلاف نہیں۔
اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کو’’فیلڈ کمانڈر‘‘اور ’’جنرل‘‘قرار دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے الزام لگایا کہ شرما نے ان کے دادا اور والدین کو اس معاملے میں گھسیٹا۔سنیل شرما پر طنز کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا، ہمیں ایسی فورس کی تعریف کرنی چاہیے جو اپنے جنرل کے میدان چھوڑنے کے باوجود اب بھی محاذ پر ڈٹی ہوئی ہے۔ میں ایسی فورس کو کبھی تنہا نہ چھوڑتا۔وزیر اعلیٰ نے اسپیکر سے درخواست کی کہ اگر ان کی تقریر میں کوئی غیر پارلیمانی الفاظ شامل ہوں تو انہیں حذف کر دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا، اگر مجھے کل بولنے دیا جاتا تو میں اپنے ریمارکس واپس لے لیتا۔ میں نے آپ سے ایک منٹ دینے کی درخواست کی تھی، لیکن ان کے فیلڈ کمانڈر اس کے لیے تیار نہیں تھے۔
بی جے پی اراکین سے متعلق ریمارکس پر وزیر اعلیٰ کا اظہارِ افسوس، غیر پارلیمانی الفاظ حذف کرنے کی پیشکش