عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز جموں میں کابینہ کے ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں متعدد اہم انتظامی اور ترقیاتی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور حکمرانی و عوامی فلاح سے متعلق وقت مقررہ پر نمٹائے جانے والے معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے دوران مختلف محکموں میں زیر ِ تکمیل بڑے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ان اسکیموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا جو تاخیر کا شکار ہیں۔ کابینہ نے یونین ٹیریٹری کے مختلف اضلاع میں مجوزہ آئندہ اقدامات کے لیے درکار انتظامی منظوریوں پر بھی بحث کی۔
اجلاس کے دوران وزراء نے وزیر اعلیٰ کو محکموں کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور جاری پروگراموں کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ غور و خوض کا محور عوامی خدمات کی بہتری، ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے اور عوامی انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پر رہا۔
وزیراعلیٰ عمرعبداللہ کی صدارت میں جموں میں کابینہ اجلاس، اہم انتظامی و ترقیاتی امور کا جائزہ