جموں//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ’بھارتیہ جنتا پارٹی‘ راہول گاندھی کی زیرِ قیادت کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کے جمہوری اور آئینی حقوق کا احترام کرتی ہے۔
جتیندر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی نے ماضی میں بھی تین یاترا منعقد کیں جن میں 11 مئی 1953 کو ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی قیادت میں کی گئی یاترا بھی شامل ہے۔ جب انہیں جموں کے لکھن پور میں گرفتار کیا گیا۔ اور بعد میں پولیس حراست میں پراسرار حالات میں انتقال کر گئے تھے۔
اُنہوں نے کہا ،”دوسری یاترا 1992 میں ڈاکٹر مرلی منوہر اور نریندر مودی کی قیادت میں ایکتا یاترا کے طور پرنکالی گئی تھی، اور تیسری 2011 میں ارون جیٹلی اور سشما سوراج کی قیادت میں ترنگا یاترا تھی جس کی جموں و کشمیر میں اجازت نہیں دی گئی تھی۔ بی جے پی رہنماوں کو گرفتار کیا گیا تھا اور پنجاب بھیج دیا گیا تھا”۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ کانگریس نے جبر کی پالیسی اختیار کی ہے۔اُس وقت کی جموں و کشمیر حکومت نے جبر کی پالیسی اپنائی تھی۔ اب، یہ پہلی بار ہے کہ بھارت جوڑو یاترا شروع ہوئی ہے، اور بی جے پی حکومت نے جمہوری عمل اور آئینی میراث کی پیروی کی اور اس کا احترام کیا۔ یاترا بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہی۔ اب عوام اس یاترا کی قسمت کا فیصلہ کریں گے”۔
مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے پیر کو کہا کہ جموں و کشمیر حکومت اور مرکزی حکومت مل کر نروال دھماکہ کیس پر کام کر رہے ہیں اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ خود ہر روز صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا، “دہشت گردوں نے اپنی توجہ کشمیر سے جموں کی طرف منتقل کر دی ہے، اس زاویے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ سیکورٹی مقاصد کے لیے، ان چیزوں پر کھل کر بات نہیں کی جاتی ہے، اس سے لوگ یہ سوچتے ہیں کہ کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے”۔
انہوں نے مزید کہا، “میں یقین دلاتا ہوں کہ سخت اور فیصلہ کن کارروائی ہو رہی ہے”۔
جتیندر سنگھ نے کٹھوعہ میں بھاجپا سٹیٹ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کی۔ انہوں نے پارٹی کے مستقبل کے منصوبوں کو تیار کرنے کے لئے بی جے پی کی ورکنگ کمیٹی میں بھی شرکت کی ہے۔
بھاجپا ’بھارت جوڑو یاترا‘کے آئینی اور جمہوری حقوق کا احترام کرتی ہے: جتیندر سنگھ