سرینگر// نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات میں جموں و کشمیر کے عوام نے اپنی آبائی جماعت نیشنل کانفرنس پر جو غیر متزلزل بھروسہ اور اعتماد ظاہر کیا ہے ہماری جماعت اُس پر کھرا اُترنے کی ہر ممکن کوشش کریگی اور ہماری جماعت ہر سطح پر یہاں کے عوام کو اولین ترجیح دیگی۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے آج عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔
ڈاکٹر کمال نے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام کو گذشتہ 10 سال کے دوران زبردست مشکلات کا مصائب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ خصوصاً 2018کے بعد افسر شاہی میں یہاں کے عوام کو سخت ترین مشکلات کی چکی میں پیسا گیا۔ افسرشاہی میں لوگوں کا کوئی پُرسان حال نہیں تھا، ہر ایک فیصلہ عوام کُش اور عوام مخالف ہوتا تھا ۔
انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو غیر ضروری پروگراموں میں مصروف رکھا گیا تھا اور انتظامیہ مکمل طو رپر مفلوج ہوکر رہ گئی تھی اور لوگ بنیادی ضروریات سے محروم تھے۔
انہوں نے کہاکہ عمر عبداللہ کی عوامی حکومت کے قیام کیساتھ ہی انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے اور افسرشاہی کی کمر توڑ کر رکھ دی گئی ہے۔ جس طرح سے وزیر اعلیٰ ، وزراءاور انتظامیہ حکومت کے قیام کے بعد متحرک ہے ایسا گذشتہ برسوں کے دوران نہیں دیکھا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت عوام کی راحت کیلئے وقف ہے۔
افسرشاہی نے جموں و کشمیر کے نظام کو مفلوج کر دیا تھا: نیشنل کانفرنس
