یو این آئی
جموں// جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کے کنال روڈ پارک میں دو روز قبل لاپتہ ہوئے 19سالہ نوجوان کی لاش پرا سرار حالت میں برآمد کی گئی۔
والدین نے الزام لگایا کہ ان کے بیٹے کا سنسنی خیز طریقے سے قتل کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جموں کے کنال روڈ پارک میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب منگل کی صبح وہاں سے ایک 19سالہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی۔
معلوم ہوا ہے کہ پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر اس کی شناخت کارتک شرما ساکن سروال جموں کے بطور کی ۔
اہل خانہ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ دو روزقبل کارتک گھر سے نکلا تب سے اس کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی اور منگل کی صبح کنال روڈ پارک سے اس کی لاش برآمد کی گئی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ہمارے لخت جگر کا قتل کیا گیا ہے اور اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔