سرینگر// جموں و کشمیر کے ٹرانسپورٹ کمشنر وشیش پال مہاجن نے اعلان کیا ہے کہ ای رکشہ کیلئے کرایہ 10 روپے فی کلومیٹر فی مسافر مقرر کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہاجن نے وضاحت کی کہ ای رکشے مخصوص راستوں تک محدود ہیں اور چھ کلومیٹر سے زیادہ سفر نہیں کر سکتے۔ “کسی بھی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی”۔
مہاجن نے پیٹرول آٹوز میں میٹر کی موجودگی کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا، “اگر کوئی آٹو بغیر میٹر کے پایا گیا تو قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ کرایے پہلے ہی آر ٹی او یا موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ نے طے کیے ہیں”۔
مسافروں پر زور دیتے ہوئے مہاجن نے کہا کہ وہ خلاف ورزیوں کی اطلاع دے کر قانون پر عمل درآمد میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا، “مسافر شکایات آر ٹی او کے ساتھدرج کرا سکتے ہیں، اور خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کیا جائے گا”۔
زیر التوا لائسنس کے معاملے پر بات کرتے ہوئے مہاجن نے انکشاف کیا کہ تقریباً دو لاکھ لائسنس پرنٹنگ مسائل کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا، “ٹینڈرنگ کا عمل آخری مراحل میں ہے، اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس مہینے کے آخر تک تاخیر کو ختم کر دیں گے۔ لائسنس پہلے کی طرح ڈاک کے ذریعے بھیجے جائیں گے، اور اس عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا”۔
مزید، مہاجن نے ڈرائیوروں کو رفتار کی حد کی پابندی کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے عوامی تحفظ کے لیے محفوظ ڈرائیونگ کی اہمیت پر زور دیا۔