غزہ// غزہ میں گزشتہ شب اسرائیلی فضائیہ کے ہسپتال پر حملے میں کم از کم 500 فلسطینی شہری جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ اس تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے غزہ میں واقع ایک ہسپتال پر مبینہ فضائی حملے کے بعدمارے جانے والے افراد کی تعداد 500 تک پہنچ گئی ہے۔
اسرائیل نے ہسپتال حملے کے الزامات کی تردید کی ہے تاہم کہا ہے کہ وہ صورتحال کی جانچ کر رہا ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ الاہلی ہسپتال پر اس نے حملہ نہیں کیا بلکہ وہ غزہ سے ہی داغے گئے راکٹ کا نشانہ بنا۔
ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انھیں واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہے اور فوج اس ضمن میں سامنے آنے والی تفصیلات کا جائزہ لے رہی ہے۔
اس سے قبل حماس کی طرف سے غیر مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے وسطی غزہ میں ’بیپٹسٹ ہسپتال‘ کو نشانہ بنایا ہے۔ محکمہ صحت کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ اندازے کے مطابق اس حملے میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اسی بیچ امریکی صدر جو بائیڈن بدھ کو اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں جبکہ اردن، مصر اور فلسطینی اتھارٹی نے ان سے ملاقات کرنے سے انکار کیا ہے۔
غزہ میں ہسپتال پر فضائی حملہ، کم از کم 500 افراد جاں بحق