جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات جلد، بھاجپا پوری طرح تیار: رویندر رینہ

یو این آئی

جموں// بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے اتوار کے روز کہاکہ بی جے پی اسمبلی الیکشن کے لئے پوری طرح تیار ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں پارلیمانی انتخابات مکمل ہونے کے بعد جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن کا اعلان ہوگا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر میں پانچ پارلیمانی نشستوں پر الیکشن کا عمل مکمل ہوا ہے اور ان انتخابات میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
انہوں نے کہاکہ سال 2024کے پارلیمانی انتخابات میں جموں وکشمیر کے لوگوں نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ان کے مطابق جموں وکشمیر میں اس سے قبل اتنی بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنی رائے دہی کا استعما ل نہیں کیا تھا۔
رویندر رینہ نے کہاکہ جموں ریاسی پارلیمانی حلقے میں 72فیصد، ادھم پور میں 65فیصد، سری نگر پارلیمانی نشست پر 40فیصد، بارہ مولہ میں 60 فیصد اور اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر 53 فیصد ووٹنگ ریکارڈ ہوئی ہے ۔ان کے مطابق ہم پیرا ملٹری فورسز اور جموں و کشمیر پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پر امن اور منصفانہ چناو کرانے کی خاطر دن رات اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دئے۔
انہوں نے کہاکہ اس الیکشن میں کسی بھی جگہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا ہے۔ ماضی میں جن علاقوں میں پانچ فیصد ووٹنگ ہوا کرتی تھی آج وہاں چالیس فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بڑی دلچسپی سے لوگوں نے اپنے ووٹ ڈالے جس کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو کرانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں رویندر رینہ نے کہا کہ بی جے پی اسمبلی انتخابات کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی پارلیمانی چناو کے ساتھ ہی اسمبلی الیکشن کرانے کے حق میں تھی تاہم الیکشن کمیشن نے دلیل دی کہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ایسا نہیں ہوسکتا۔
رویندر رینہ نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ ملک میں لوک سبھا انتخابات کے فوری بعد جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو کا اعلان ہوگا۔