عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) وی کے بردی نے آج پولیس کنٹرول روم میں ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں شری امرناتھ یاترا 2025، محرم الحرام اور دیگر اہم تقریبات کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے آغاز پر تمام افسران نے آئی جی پی کو اپنے اپنے اضلاع میں مجوزہ سیکیورٹی پلان سے آگاہ کیا اور بتایا کہ شری امرناتھ جی یاترا، محرم اور دیگر اہم مواقع کے دوران امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لیے مربوط اور ہم آہنگ حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ افسران نے پچھلے برسوں کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید نگرانی کے نظام، موثر رابطہ کاری، اور مستعد عملے کی تعیناتی کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا۔
آئی جی پی کشمیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام سیکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام حساس اور اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی بروقت نگرانی اور روک تھام کی جا سکے۔ انہوں نے تمام کیمپوں اور حساس علاقوں میں مناسب تعداد میں فورسز کی تعیناتی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
آئی جی پی نے انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں، بروقت خطرے کی تشخیص اور پیشگی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران کو چاہیے کہ وہ زمینی سطح پر قریبی رابطہ رکھیں تاکہ امن کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔
اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ تمام متعلقہ افسران اور ادارے آئندہ تقریبات کو پُرامن اور خوش اسلوبی سے منعقد کرنے کے لیے بھرپور تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں گے۔
اجلاس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل وسطی کشمیر رینج راجیو پانڈے، ڈی آئی جی شمالی کشمیر مقصود الزمان، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر جاوید اقبال میٹو، ایس ایس پی پی سی آر کشمیر، تمام اضلاع کے سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز) اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
سالانہ امر ناتھ یاترا: آئی جی کشمیر نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا
