عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/محکمہ میکینکل انجینئرنگ کے چیف انجینئر نے منگل کے روز کہا کہ حکومت نے وادی کشمیر میں برف باری کے دوران عوامی تحفظ، برف ہٹانے کی کارروائیوں میں بہتر تال میل اور ضروری خدمات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اسنو کنٹرول روم قائم کیے ہیں۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے چیف انجینئر بودھ راج نے بتایا کہ محکمہ تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت برف ہٹانے کے لیے پورے سڑک نیٹ ورک کو چار آپریشنل زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلا زون سری نگر اور بڈگام اضلاع پر مشتمل ہے، دوسرا زون جنوبی کشمیر کے چار اضلاع کو کور کرتا ہے، تیسرا زون بارہمولہ ضلع پر مشتمل ہے، جبکہ چوتھا زون کپواڑہ، بانڈی پورہ اور گاندربل اضلاع پر محیط ہے۔
چیف انجینئر کے مطابق محکمہ نے اس سرمائی موسم میں 10,015 کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی صفائی کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 301 برف ہٹانے والی مشینیں تعینات کی گئی ہیں اور 305 افراد پر مشتمل عملہ، جس میں اضافی عارضی افرادی قوت بھی شامل ہے، خدمات انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ نومبر کے وسط سے مکمل طور پر فعال ہے اور حالیہ برف باری کے بعد گلمرگ میں سڑکوں کی بروقت صفائی کے ذریعے اپنی تیاری کا عملی مظاہرہ بھی کر چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو سے تین انچ برف باری کے باوجود تقریباً 40 سے 50 کلومیٹر اندرونی سڑکیں وقت پر صاف کی گئیں۔
چیف انجینئر نے بتایا کہ کشمیر بھر میں چھ مرکزی اسنو کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں، جبکہ اہم مقامات پر چھوٹے کنٹرول روم بھی فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کنٹرول روم 15 نومبر سے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں اور وہاں عملے کے لیے ہیٹنگ سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس سال مشینری میں کوئی بڑی اضافہ نہیں کیا گیا، تاہم دو ٹریکٹر سے منسلک اسنو کٹر اور چند نئی برف کاٹنے والی مشینیں شامل کی گئی ہیں تاکہ صلاحیت میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارے آپریٹرز ہر سال کی طرح اس بار بھی چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں۔ جب بھی برف باری ہوگی، ہم اس سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
برف باری سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل، محکمہ میکینکل انجینئرنگ مکمل طور پر تیار: چیف انجینئر