عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے نوجوان بھارت کے مستقبل کے معمار ہیں اور بدلتی ہوئی دنیا میں صرف ڈگریاں نہیں بلکہ مہارت، اختراع اور خود اعتمادی ہی کامیابی کی راہ ہموار کریں گی۔سرینگر کے امر سنگھ کالج میں منعقدہ میگا جاب فیئر سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نےکہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سے جوڑنے اور ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ میگا جاب فیئر محض بھرتی کا ایک پروگرام نہیں بلکہ ہزاروں نوجوانوں کو اپنے کیریئر کے خوابوں کی تکمیل کے لیے صحیح سمت فراہم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔
نوجوانوں سے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’آپ بھارت کے مستقبل کے معمار ہیں۔ آپ ہی’’اسکل انڈیا‘‘کی طاقت اور ’’ڈیجیٹل انڈیا‘‘کی محرک قوت ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ نوجوانوں کو کامیابی حاصل کرنے کے لیے بہتر مواقع، درست رہنمائی اور مسلسل حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ایسے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں تعلیمی ڈگری کے ساتھ عملی مہارت بھی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا،آج کا وقت صرف ڈگری حاصل کرنے کا نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا بھی ہے، کیونکہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں وہی لوگ آگے بڑھیں گے جو مسلسل خود کو نئی مہارتوں سے آراستہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ میگا جاب فیئر کا مقصد صرف روزگار فراہم کرنا نہیں بلکہ نوجوانوں میں اعتماد پیدا کرنا، ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہنرمند افرادی قوت میں تبدیل کرنا بھی ہے۔
منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ہنرمند افرادی قوت ’’ترقی یافتہ بھارت‘‘کے وژن کو حقیقت کا روپ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ان کی ذمہ داریاں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ ایسے طلبہ تیار کریں جو خود اعتمادی، مہارت اور بدلتے حالات سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔انہوں نے کہا،میں تمام اساتذہ سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کی ذمہ داری اب پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئی ہے۔ ہمیں ایسے ادارے تعمیر کرنے ہوں گے جو بااعتماد، ہنرمند اور خود اعتمادی کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کرنے والے نوجوان تیار کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر ایک ترقی یافتہ خطہ بنے گا جہاں ہر نوجوان کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور اپنے خوابوں کی تعبیر کا یکساں موقع میسر ہوگا۔ انہوں نے کہا،ہمیں ایسا ترقی یافتہ جموں و کشمیر تعمیر کرنا ہے جہاں ہر نوجوان اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکے اور ہر خواب کو حقیقت میں بدلنے کا موقع حاصل ہو۔