محمد تسکین
بانہال// امرناتھ یاترا پیر کے روز بھی پرامن انداز میں جاری رہی اور بھگوتی نگر یاتری نواس جموں سے 20واں قافلہ سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان بالتل بیس کیمپ کے لیے روانہ ہوا۔جوائنٹ پولیس کنٹرول روم، بھگوتی نگر کے مطابق صبح 2:47بجے روانہ ہونے والے قافلے میں مجموعی طور پر 3,823یاتری شامل تھے، جن میں 2,882مرد، 838خواتین، دو بچے، 84سادھو اور 17سادھویاں شامل ہیں۔ قافلہ 140گاڑیوں پر مشتمل تھا، جن میں 82بسیں، 20درمیانی موٹر گاڑیاں اور 38ہلکی موٹر گاڑیاں شامل تھیں۔ پیر کے روز پہلگام روٹ سے کسی بھی یاتری کو روانہ نہیں کیا گیا۔یاتریوں کا قافلہ جموں۔سری نگر قومی شاہراہ سے جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی کثیر سطحی سیکورٹی میں بالتل کی جانب روانہ ہوا، جبکہ ٹریفک پولیس نے حساس مقامات پر قافلے کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنایا۔حکام کے مطابق پیر کے قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی رواں برس بھگوتی نگر یاتری نواس جموں سے امرناتھ یاترا پر روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 1,27,326تک پہنچ گئی ہے جبکہ سرکاری حکام کے مطابق چار لاکھ سے زائد یاتریوں نے پوتر گپھا کے درشن کئے ہیں ۔ادھر بالتل بیس کیمپ سے واپس آنے والا 19واں قافلہ بھی پیر کی صبح 6بجے جموں کے لیے روانہ ہوا، جس میں 4,331یاتری شامل تھے۔ یہ قافلہ 129گاڑیوں پر مشتمل تھا۔