عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کو حج 2027 کیلئے 4,691درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جو رجسٹریشن کا عمل کی بندش کے بعد، 7,981 عازمین کے متوقع کوٹے سے نمایاں طور پر کم ہیں۔جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر شجاعت احمد کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ درخواستوں میں 2,566 مرد اور 2,125 خواتین شامل ہیں۔ ان میں سے 24 خواتین نے محرم نہ ہونے(LWM) کی کیٹیگری کے تحت درخواست دی ہے، جبکہ 620 درخواست دہندگان 65 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہری ہیں۔ درخواست دہندگان کی تعداد متوقع کوٹہ سے کافی کم ہونے کے ساتھ، اگر اعداد و شمار میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی ہے تو یونین ٹیریٹری کو اس کے مکمل مختص کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تاہم حتمی کوٹہ کا فیصلہ حج کمیٹی آف انڈیا حج پالیسی کے مطابق کرے گی۔ضلع کے لحاظ سے، سرینگر میں سب سے زیادہ 1,152 درخواستیں درج کی گئیں، اس کے بعد بارہمولہ (595)، اننت ناگ (420)، بڈگام (404)، پلوامہ (361)، کپواڑہ (323) اور کولگام (265) ہیں۔جموں ڈویژن میں راجوری 174 درخواستوں کے ساتھ سرفہرست ہے، اس کے بعد جموں (106)، پونچھ (101)، ڈوڈہ (85)، رام بن (54)، ادھم پور (50)، سانبہ (46)، ریاسی (38)، کٹھوعہ (36) اور کشتواڑ (35) ہیں۔احمد نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا اقلیتی امور کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق حج انتخاب کے عمل کے اگلے مراحل شروع کرنے سے پہلے تمام درخواستوں کی جانچ کرے گی۔حج گروپ آرگنائزرز کے کوٹے کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔